اسلام آباد۔31اکتوبر (اے پی پی):وزارت اطلاعات و نشریات نے کہا ہے کہ افغان طالبان حکومت کی جانب سے دہشت گردی کے مسئلے سے نمٹنے میں مسلسل ناکامی پاکستان کے ساتھ معمول کے تعلقات کی راہ میں بنیادی رکاوٹ ہے، پاکستان اپنی قومی سلامتی اور شہریوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ ہفتہ کو وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان طالبان کے ترجمان کی تازہ ترین ٹویٹ اس رجیم کی انتہائی گمراہ کن سوچ اور پاکستان کے ساتھ بگڑتے تعلقات کی بنیادی وجہ کا سامنا کرنے سے گریز کو بے نقاب کرتی ہے۔ طالبان قیادت مسلسل اسلام آباد کی پالیسیوں کو موردِ الزام ٹھہرا رہی ہے جبکہ دوطرفہ تعلقات میں زہر گھولنے والے سب سے اہم مسئلے یعنی افغان سرزمین سے ہونے والی دہشت گردی سے نمٹنے میں اپنی مسلسل ناکامی کو دانستہ نظرانداز کر رہی ہے۔ وزارت اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کا مؤقف دوٹوک ہے، دہشت گردی ایک سرخ لکیر ہے اور اس کے شہریوں کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔ افغان طالبان حکومت کو سمجھ لینا چاہیے کہ پاکستان اپنی سرحدوں کے پار دہشت گردوں کی ایسی پناہ گاہوں کو برداشت نہیں کرے گا جو اس کی سلامتی پر اثرانداز ہوتی ہیں اور نہ ہی اپنے عوام کو افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی کا نشانہ بنتے رہنے دے گا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان اپنی قومی سلامتی کو لاحق خطرات کے خاتمے کے لیے خواہ وہ کہیں سے بھی پیدا ہوں، بین الاقوامی قانون کے مطابق تمام ضروری اقدامات کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ کابل کو تسلیم کرنا چاہیے کہ ان خطرات سے نمٹنے کی ذمہ داری پوری طرح افغان طالبان حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ اپنے عوام کے تحفظ کے لیے پاکستان کے عزم کو کبھی کمزوری نہ سمجھا جائے۔ دہشت گردی سے نمٹنے سے طالبان حکومت کا مسلسل انکار معمول کے تعلقات کی راہ میں بنیادی رکاوٹ ہے۔ الزام تراشی، کھوکھلی یقین دہانیاں اور پاکستان کی پالیسیوں پر سوال اٹھانا نہ تو اس بحران کو حل کرے گا اور نہ ہی کابل کو اس کی ذمہ داریوں سے بری الذمہ قرار دے گا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان طالبان قیادت کو سمجھ لینا چاہیے کہ پاکستان کی سلامتی کو افغان طالبان کی عدم اقدام، ٹال مٹول یا غلط ترجیحات کے ہاتھوں یرغمال نہیں بننے دیا جائے گا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



