شینزن۔19نومبر (اے پی پی):چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین ایشیا بحرالکاہل خطے میں اقتصادی تعاون کا حامی، فروغ دینے والا اور اس میں پیش پیش ملک ہے اور ایشیا بحرالکاہل برادری کی بنیادیں مضبوط بنانے کے لیے تمام فریقوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔شنہوا کے مطابق انہوں نے ان خیالات کا اظہار جنوبی چین کے صوبہ گوانگ ڈونگ کے شہر شینزن میں ایشیا بحرالکاہل اقتصادی تعاون (اپیک) کے 33ویں اقتصادی رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صدر شی جن پنگ نے کہا کہ ایشیا بحرالکاہل برادری کے قیام کے لیے اقتصادی اور تجارتی روابط کو مضبوط بنانا ضروری ہے۔ اس مقصد کے لیے تجارت اور سرمایہ کاری کو آسان بنانے، ڈیجیٹلائزیشن کو فروغ دینے اور ان شعبوں میں حائل رکاوٹیں کم کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے علاقائی روابط کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بنیادی ڈھانچے کے نیٹ ورکس کو بہتر بنانے، پالیسیوں اور ضوابط میں ہم آہنگی پیدا کرنے، عوامی سطح پر تبادلوں کو فروغ دینے اور خطے کے عوام کے درمیان باہمی افہام و تفہیم اور قریبی روابط مضبوط بنانے کے لیے اقدامات کیے جانے چاہئیں۔چینی صدر نے جدت طرازی کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور مصنوعی ذہانت کے وسیع پیمانے پر استعمال کے لیے کوششیں تیز کرنا ہوں گی۔انہوں نے علاقائی معیشتوں پر زور دیا کہ وہ توانائی اور غذائی تحفظ، سرحد پار بدعنوانی کے انسداد اور ماحول دوست و کم کاربن ترقی کی جانب منتقلی کے شعبوں میں تعاون کو آگے بڑھائیں۔ انہوں نے عوامی فلاح و بہبود میں بہتری اور انسانی وسائل کی ترقی پر سرمایہ کاری بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



