بیجنگ۔2نومبر (اے پی پی):چین کی اعلیٰ قانون ساز اسمبلی نے ضابطہ فوجداری (Criminal Procedure Law) میں مجوزہ ترامیم کے مسودے پر غور شروع کر دیا ہے، جس کا مقصد جرائم کی موثر روک تھام اور سزا کے ساتھ ساتھ فوجداری کارروائیوں میں شامل افراد کے حقوق کا مزید بہتر تحفظ یقینی بنانا ہے۔ شنہوا کے مطابق 55 دفعات پر مشتمل ترامیم کا مسودہ نیشنل پیپلز کانگریس (این پی سی) کی قائمہ کمیٹی کے دوماہ بعد ہونے والے اجلاس میں پہلی مرتبہ غور کے لیے پیش کیا گیا۔
یہ اجلاس پیر سے جمعہ تک جاری رہے گا۔ مجوزہ ترامیم میں افراد کے خلاف احتیاطی اور لازمی قانونی اقدامات، فوجداری مقدمات سے متعلق جائیداد کی ضبطگی، قرقی، منجمد کرنے اور اس کے تصرف کے طریقہ کار کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ نابالغ افراد سے متعلق فوجداری کارروائیوں اور بیرونی ممالک سے متعلق فوجداری مقدمات کے طریقہ کار میں بھی تبدیلیاں تجویز کی گئی ہیں۔ چین کا موجودہ ضابطہ فوجداری 1979 میں منظور کیا گیا تھا جبکہ اس میں 1996، 2012 اور 2018 میں ترامیم کی گئی تھیں۔ ■
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



