ریاض ۔2نومبر (اے پی پی):تیل پیدا کرنے والے ممالک کے گروپ اوپیک پلس نے مارکیٹ کے استحکام کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے دسمبر کے لیے تیل کی پیداوار گزشتہ ماہ کی سطح پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق اوپیک پلس کے سات رُکن ممالک سعودی عرب، روس، عراق، کویت، قازقستان، الجزائر اور عمان جنہوں نے اپریل اور نومبر 2023 میں تیل پیداوار میں اضافی رضاکارانہ ایڈجسٹمنٹ کا اعلان کیا تھا، نے یکم نومبرکو ورچوئل اجلاس منعقد کیا جس میں بین الاقوامی مارکیٹ کی حالیہ صورتحال اور مستقبل کے امکانات کا جائزہ لیا اور دسمبر 2026 کے لیے پیداوار ستمبر 2026 کی سطح پر برقرار رکھنے کا فیصلہ لیا گیا۔
انہوں نے ڈیکلریشن آف کوآپریشن کی مکمل پاسداری کے عزم کا اعادہ کیا جس میں اضافی رضاکارانہ پیداوار ایڈجسٹمنٹ شامل ہے جس کی نگرانی مشترکہ وزارتی مانیٹرنگ کمیٹی کرے گی۔اوپیک پلس کے ممالک مارکیٹ کی صورتِ حال کا جائزہ لینے کے لیے ملاقاتیں جاری رکھیں گے۔ ساتوں ممالک کا آئندہ اجلاس 29 نومبر 2026 کو ہوگا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



