کراچی۔ 01 نومبر (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے گلگت بلتستان کے عوام کو یومِ آزادی پر دلی مبارکبادپیش کی ہے۔اتوار کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق گلگت بلتستان کے 79ویں یومِ آزادی پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے ڈوگرہ راج کے خلاف تاریخی جدوجہد کرکے آزادی حاصل کی اور پاکستان کے ساتھ الحاق کیا۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے شاہراہِ قراقرم کی توسیع، گلگت اسکردو روڈ اور سی پیک جیسے اہم منصوبوں کی بنیاد رکھ کر خطے کی ترقی کی راہ ہموار کی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں گلگت بلتستان میں توانائی، تعلیم اور روزگار کے متعدد ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے،نلتر کا 16میگاواٹ پن بجلی منصوبہ، 100 میگاواٹ شمسی توانائی منصوبہ اور چار دانش اسکول گلگت بلتستان کی ترقی کے اہم اقدامات ہیں۔
گورنر سندھ نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی قربانیاں، حب الوطنی اور پاکستان سے غیر متزلزل وابستگی ہمارے لیے باعثِ فخر ہے۔انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان کی ترقی، خوشحالی اور عوام کی فلاح و بہبود قومی ذمہ داری ہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



