لاہور۔28نومبر (اے پی پی):ملک میں صحت عامہ کی سہولیات کو مزید مستحکم بنانے اور پاکستان سے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے حکومتی عزم کی تکمیل کے سلسلے میں شیخ زید ہسپتال لاہور میں وزیراعظم کے مفت ہیپاٹائٹس پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت عوام کو ہیپاٹائٹس کی مفت اسکریننگ اور علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
یہ پروگرام شیخ زید ہسپتال لاہور کے شعبہ انفیکشن پریوینشن اینڈ کنٹرول (IPC) کے تحت شروع کیا گیا ہے، جو وزیراعظم محمد شہباز شریف کے اس وژن کے عین مطابق ہے جس کا مقصد تمام شہریوں کو قابلِ رسائی، معیاری اور سستی طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔پروگرام کا باقاعدہ افتتاح پروفیسر ڈاکٹر عائشہ ہمایوں، چیئرپرسن و ڈین شیخ زید پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ (SZPGMI) نے کیا۔
اس موقع پر انہوں نے خود بھی ہیپاٹائٹس کی اسکریننگ کروائی اور عوام کو بیماری کی بروقت تشخیص اور علاج کے لیے اسکریننگ کروانے کی ترغیب دینے کے حوالے سے عملی مثال قائم کی۔اس مفت پروگرام کے کامیاب انعقاد اور انتظامات میں ڈاکٹر محمد حاطف اقبال، ایڈمنسٹریٹر / ایگزیکٹو ڈائریکٹر شیخ زید ہسپتال لاہور، ڈاکٹر شاہلہ جلیل، سربراہ شعبہ انفیکشن پریوینشن اینڈ کنٹرول اور مسز فریدہ ناز، چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ نے اہم کردار ادا کیا۔اس پروگرام کے تحت اہل افراد کو ہیپاٹائٹس کی مفت اسکریننگ اور علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں گی، جس سے بیماری کی بروقت تشخیص، علاج تک رسائی میں بہتری اور انفیکشن کے مزید پھیلائو کی روک تھام میں مدد ملے گی۔
اس موقع پر ہسپتال انتظامیہ نے اس امر پر زور دیا کہ ہیپاٹائٹس کے خاتمے کے قومی ہدف کے حصول کے لیے بیماری کی جلد تشخیص اور بروقت علاج انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ یہ اقدام ہسپتال کی جانب سے حفاظتی طبی سہولیات کے فروغ اور متعدی بیماریوں سے عوام کے تحفظ کے عزم کا عکاس ہے۔
شیخ زید ہسپتال لاہور نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مفت سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اپنا ہیپاٹائٹس ٹیسٹ ضرور کروائیں، کیونکہ بروقت تشخیص نہ صرف قیمتی جانیں بچانے میں مددگار ثابت ہوتی ہے بلکہ بیماری کے پھیلا کو روکنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ہسپتال انتظامیہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قومی صحت کے پروگراموں کی بھرپور معاونت جاری رکھی جائے گی اور ایک صحت مند، محفوظ اور ہیپاٹائٹس سے پاک پاکستان کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کیا جاتا رہے گا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



