اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):پاکستان علماء کونسل اور انٹرنیشنل تنظیم حرمین شریفین کونسل نے اسلام آباد میں مکہ اتحاد برائے دفاع کی سٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے دوسرے اجلاس کے انعقاد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اجلاس پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان بڑھتے اعتماد، گہری دوستی اور دفاعی و سفارتی تعاون کے فروغ کا عکاس ہے۔دونوں تنظیموں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ سعودی عرب اور ترکیہ کے اعلیٰ سطح کے وفود کی میزبانی پاکستان کے لیے اعزاز اور باعث مسرت ہے۔
اسلام آباد میں معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال دونوں برادر ممالک کے عوام اور قیادت کے لیے پاکستانی عوام کی محبت اور احترام کا مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے جس گرمجوشی اور وقار کے ساتھ مہمانوں کا استقبال کیا، وہ تینوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین اور انٹرنیشنل تنظیم حرمین شریفین کونسل کے سیکرٹری جنرل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ اسلام آباد میں تینوں ممالک کی سیاسی، سفارتی اور عسکری قیادت کا ایک میز پر جمع ہونا علاقائی امن، استحکام اور ایک دوسرے کی سلامتی کے لیے باہمی مشاورت اور تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے مشترکہ عزم کا اظہار ہے۔
انہوں نے اجلاس کی میزبانی پر حکومت پاکستان کو سراہتے ہوئے سعودی عرب اور ترکیہ کی قیادت کی شرکت کو بھی قابل تحسین قرار دیا۔طاہر اشرفی نے کہا کہ تینوں ممالک کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون مسلم امہ میں باہمی اعتماد اور یکجہتی کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



