بیجنگ، چین۔28نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے چین کی ریاستی کونسل کےترقیاتی تحقیقی مرکز کے صدر لو ہاؤ سے ملاقات کی جس میں پاکستان کی برآمدات میں اضافے اور معاشی خودمختاری کےاستحکام کے لیے تحقیقی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ہفتہ کووزارتِ منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ چین کی ریاستی کونسل کے ترقیاتی تحقیقی مرکزکے صدر لو ہاؤ سے ملاقات ہوئی۔ اُن کی علمی بصیرت نے مجھے بہت متاثر کیا۔
پاکستان کا ذکر اُنہوں نے جس خلوص اور اپنائیت سے کیااُس سے مجھے احساس ہوا کہ وہ ہمارے ملک کے ایک سچے دوست ہیں۔ پاکستان کی معاشی خودمختاری کا راستہ برآمدات سے گزرتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جب معیشت پھیلتی ہے اور ہماری درآمدات کا خرچ زرمبادلہ کی آمدن سے زیادہ تیزی سے بڑھتا ہے تو ڈالر کی اگلی قلت ترقی کا سفر روک دیتی ہے۔ اسی لیے اُڑان پاکستان کے پانچ ستونوں میں پہلا ستون برآمدات ہے۔ چینی قیادت سے میری بات چیت کا محور بھی یہی رہا ہے کہ چین کے تعاون سے پاکستانی صنعت کار اور کاشت کار عالمی منڈیوں میں اپنی مصنوعات کی فروخت کیسے بڑھا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ڈی آر سی اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس (PIDE) کے ایک مشترکہ تحقیقی منصوبے پرگفتگو کی۔
اس کا مقصد چین کے تجربے سے سیکھتے ہوئے ایک عملی لائحۂ عمل تیار کرنا ہے تاکہ 2035تک پاکستان کی سالانہ برآمدات سو ارب امریکی ڈالر سے تجاوز کر جائیں۔ میں چاہتا ہوں کہ یہ تحقیق ہمارے برآمد کنندگان کو اُن سوالوں کے عملی جواب دے جو انہیں روزانہ درپیش ہوتے ہیں۔ پاکستانی مصنوعات کن منڈیوں میں اپنا حصہ بڑھا سکتی ہیں اور اس کے لیے ہمیں کیا کرنا ہوگا؟جب کوئی پاکستانی کاروباری ادارہ بیرونِ ملک کسی خریدار کا ایسا اعتماد جیتتا ہے کہ وہ بار بار پاکستان سے خریدتا ہے، تو اس سے ملک میں روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں اور ہمیں وہ زرمبادلہ حاصل ہوتا ہے جس کی بدولت ہم اپنے وسائل اور اپنی ترجیحات کےمطابق ترقی کر سکتے ہیں۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



