شیخوپورہ۔ 20 نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین کی زیرِ صدارت فرٹیلائزر ریویو کمیٹی کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں کھاد بنانے والی کمپنیوں کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں زرعی سیزن 2026-27 کے دوران یوریا اور ڈی امونیم فاسفیٹ (ڈی اے پی) کی طلب و رسد، دستیابی اور قیمتوں کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر نے فیکٹری سطح پر کھاد کی قیمتیں مستحکم ہونے کے باوجود مارکیٹ میں غیر ضروری اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے من مانی قیمتیں وصول کرنے اور ناجائز منافع خوری میں ملوث ڈیلرز کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے کسانوں کا کھلا استحصال قرار دیا۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ "جب فیکٹری سطح پر کھاد کی قیمتیں مستحکم ہیں تو ڈیلرز کو من مانی اور زائد قیمتیں وصول کرنے کا کوئی جواز نہیں۔ کسانوں کو منافع خور عناصر کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔”وفاقی وزیر نے کھاد بنانے والی کمپنیوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ڈیلرز کی نگرانی اور قیمتوں کو ضابطے میں رکھنے کی مکمل ذمہ داری ادا کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ زائد قیمتیں وصول کرنے، ذخیرہ اندوزی یا مصنوعی مہنگائی میں ملوث ڈیلرز کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے اور متعلقہ کھاد کمپنیاں ایسے ڈیلرز کے لائسنس یا ڈیلرشپ کی اجازت منسوخ کریں۔
وفاقی وزیر نے ضلعی سطح پر انتظامی کمزوریوں اور ناقص نگرانی پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتظامی غفلت کے باعث بعض ڈیلرز کو قیمتوں میں من مانی کرنے کا موقع مل رہا ہے۔ انہوں نے کھاد کمپنیوں، صوبائی حکام اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان مؤثر رابطہ کاری، مارکیٹ کی سخت نگرانی اور جوابدہی یقینی بنانے پر زور دیا۔انہوں نے گندم کی کاشت کے سیزن کے دوران کسانوں کو مناسب قیمتوں پر کھاد کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ زرعی پیداواری لاگت میں غیر ضروری اضافے کو روکا جا سکے اور زرعی پیداوار متاثر نہ ہو۔
اجلاس کے اختتام پر وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کسانوں کے مفادات کے تحفظ کے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ کھاد کی ناجائز منافع خوری، بلاجواز قیمتوں میں اضافہ اور ترسیلی نظام میں کسی قسم کی ہیرا پھیری ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ کمپنیوں اور انتظامی اداروں کو سخت نگرانی یقینی بنانے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی ہدایت کی۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



