لاہور۔20نومبر (اے پی پی):سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے علی بابا ڈاٹ کام کے اشتراک سے پاکستانی چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی برآمدی صلاحیت بڑھانے اور انہیں عالمی منڈیوں تک رسائی فراہم کرنے کے لیے اے آئی گرانٹ پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔اس پروگرام کا آغاز اے آئی ایکسپورٹ وائس 2026 کے عنوان سے سمیڈا اور علی بابا ڈاٹ کام کے باہمی تعاون کے100 روز مکمل ہونے پر منعقدہ ایک بڑی تقریب میں کیا گیا۔ وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے ایس ایم ایز رانا احمد عتیق انور تقریب کے مہمان خصوصی تھے، جبکہ سمیڈا کی چیف ایگزیکٹو آفیسر نادیہ جہانگیر سیٹھ اور علی بابا ڈاٹ کام کی پاکستان میں بزنس ہیڈ سمر گا نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔
رانا احمد عتیق انور نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے وژن کے مطابق حکومت ایس ایم ایز کو جدید ٹیکنالوجی، جدت اور عالمی منڈیوں تک رسائی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے تاکہ کاروباری ادارے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہو کر ملکی برآمدات اور معاشی ترقی میں زیادہ موثر کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو عالمی مسابقت میں آگے بڑھنے کے لیے جدید مہارتیں حاصل کرنا ہوں گی۔ نادیہ جہانگیر سیٹھ نے کہا کہ ڈیجیٹل تبدیلی عالمی منڈیوں میں مقابلے کے لیے ناگزیر ہو چکی ہے۔ سمیڈا کا نیا گرانٹ پروگرام اہل کاروباری اداروں کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز تک رسائی اور سرحد پار ای کامرس کے مواقع سے فائدہ اٹھانے میں مدد دے گا۔ یہ اقدام پاکستان کے مائیکرو، سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کی ڈیجیٹل صلاحیتوں اور برآمدی تیاری کو مضبوط بنانے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔
سمر گا نے علی بابا ڈاٹ کام کے عالمی پلیٹ فارم پر پاکستانی کاروباری اداروں کی شمولیت کے طریقہ کار، ڈیجیٹل سہولیات اور بین الاقوامی کاروباری مواقع سے آگاہ کیا۔ انہوں نے مقامی کاروباری اداروں کو عالمی منڈیوں تک رسائی فراہم کرنے کے لیے پلیٹ فارم کے عزم کا اعادہ کیا۔ تقریب میں پاکستان اے آئی ایکسپورٹ وائس کے گرینڈ چیمپیئن اور تین بہترین اے آئی کراس بارڈر ایمبیسیڈرز کا اعلان بھی کیا گیا۔ سمیڈا کی چیف ایگزیکٹو آفیسر نادیہ جہانگیر سیٹھ، سمر گا اور اے آئی کامرس اسٹریٹجسٹ کیئی لی پر مشتمل جیوری نے بلیک چیتا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر حمزہ امتیاز کو گرینڈ چیمپیئن قرار دیا، جبکہ بلیو ہینڈز انٹرنیشنل کے محمد وسیم نے دوسری اور امپیکس پاکستان کے حیدر علی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔واضح رہے کہ سمیڈا اور علی بابا ڈاٹ کام کے اسٹریٹجک تعاون کے تحت 10 ہزار ایم ایس ایم ایز کو تربیت دینے اور2 ہزار تک اہل پاکستانی کاروباری اداروں کو علی بابا ڈاٹ کام کے عالمی بی ٹو بی پلیٹ فارم پر رجسٹر کرانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
اس پروگرام میں سمیڈا کی تربیتی اور مالی معاونت کو علی بابا ڈاٹ کام کی عالمی مارکیٹ پلیس، تکنیکی رہنمائی اور خصوصی رعایتی نرخوں کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔ یہ تعاون مئی 2026 میں وزیراعظم پاکستانکے دورہ چین کے دوران سمیڈا اور علی بابا ڈاٹ کام کے درمیان دستخط شدہ مفاہمت کی یادداشت کا تسلسل ہے، جس کی عملی پیش رفت کے لیے وزارت صنعت و پیداوار کے سربراہ ہارون اختر خان نے سمیڈا کی بھر پور مدد کی۔ پروگرام کے تحت اہل کاروباری ادارے مقررہ شرائط اور تصدیق کے بعد اخراجات کی واپسی کی بنیاد پر سمیڈا سے مالی معاونت حاصل کر سکتے ہیں۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



