اروشا، تنزانیہ۔5اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے تنزانیہ کے شہر اروشا میں بین الپارلیمانی یونین (آئی پی یو) کی 153ویں اسمبلی کے موقع پر ایشیا پیسیفک جیو پولیٹیکل گروپ کے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں ایشیا پیسیفک خطے سے متعلق اہم امور کا جائزہ لیا گیا جبکہ آئی پی یو اسمبلی کے ایجنڈے میں شامل اہم معاملات بالخصوص خالی نشستوں، ہنگامی امور اور ڈرافٹنگ کمیٹی کے لیے نامزدگیوں پر بھی غور کیا گیا۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ایشیا پیسیفک خطے کے ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط اور باہمی رابطہ کاری کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور باہمی مفادات کے فروغ کے لیے پارلیمانوں کے درمیان موثر تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے بالخصوص موسمیاتی تبدیلی اور اس کے وسیع تر سماجی و معاشی اثرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ پارلیمانی اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اجلاس میں موسمیاتی تبدیلی اور اس کے اثرات کو ہنگامی ایجنڈا آئٹم کے طور پر شامل کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔ شرکا نے موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں بڑھتی ہوئی قدرتی آفات، ماحولیاتی انحطاط اور خطے کی آبادیوں اور معیشتوں پر مرتب ہونے والے منفی اثرات کے تناظر میں اس معاملے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔اجلاس میں آسیان پلس تھری (ASEAN+3) گروپ سے متعلق امور سمیت آئندہ اسمبلی کی کارروائی سے متعلق دیگر اہم معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین سینیٹ کے ہمراہ پاکستان کے پارلیمانی وفد کے ارکان، سینیٹرز امیر ولی الدین چشتی، زرقا سہروردی تیمور، انوشہ رحمان احمد خان اور آغا شازیب درانی جبکہ ارکان قومی اسمبلی شرمیلا فاروقی، پیر سید فضل جیلانی، سید حفیظ الدین اور بیرسٹر عقیل ملک بھی اجلاس میں شریک تھے۔اجلاس میں ایشیا پیسیفک گروپ کے ارکان نے باہمی دلچسپی کے امور پر مسلسل پارلیمانی مکالمے، علاقائی تعاون اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مربوط اقدامات کے عزم کا اعادہ کیا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



