راولپنڈی ۔19نومبر (اے پی پی):راولپنڈی کے علاقے پیرودھائی میں رات گئے موٹر سائیکل سوار دو ڈاکوؤں کی پولیس پارٹی پر فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ اس کا ساتھی فائرنگ کرتا ہوا فرار ہوگیا۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق پولیس پارٹی نے مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے فائرنگ شروع کردی، جوابی کارروائی میں ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرا فرار ہونے میں کامیاب رہا۔ ہلاک ڈاکو اور اس کے ساتھیوں نے گزشتہ روز بھی پولیس پارٹی پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں ان کا ایک ساتھی ہلاک ہوا تھا۔
واقعے کی اطلاع پر سینئر پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے جبکہ ہلاک ڈاکو کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کردی گئی۔ سی پی او راولپنڈی ڈاکٹر سردار غیاث گل نے ڈاکوؤں کی فائرنگ کے باوجود بہادری سے مقابلہ کرنے پر ایس پی راول، ایس ڈی پی او سٹی اور پیرودھائی پولیس کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال اور پولیس پر حملہ کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



