کراچی۔ 04 نومبر (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے سندھ کی سرکاری و نجی جامعات کے وائس چانسلرز کے وفد نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی اوراعلی تعلیم کے فروغ، جامعات میں تحقیق و ریسرچ کے مواقع بڑھانے، تعلیمی معیار کی بہتری، جامعات کو درپیش مالی مسائل اور طلبہ کو جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا ۔
بدھ کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن سندھ ڈاکٹر ایس ایم طارق رفیع نے تجویز پیش کی کہ وفاقی حکومت کی جانب سے جامعات کے لیے فراہم کی جانے والی گرانٹس میں اضافہ کیا جائے تاکہ جامعات کو درپیش مالی مشکلات کے ازالے اور تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ میں مدد مل سکے۔وائس چانسلر اسرا یونیورسٹی حیدرآباد حمیداللہ قاضی نے وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم میں نجی جامعات کو بھی شامل کرنے کی تجویز پیش کی، تاکہ نجی جامعات کے طلبہ بھی حکومتی تعلیمی سہولیات اور معاونت سے مستفید ہوسکیں۔
گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے وائس چانسلرز اور چیئرمین ایچ ای سی سندھ کی تجاویز کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ جامعات کو درپیش مسائل، گرانٹس میں اضافے اور نجی جامعات کے طلبہ کو وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم میں شامل کرنے کے امور متعلقہ فورمز پر اٹھائے جائیں گے تاکہ سرکاری و نجی جامعات کے طلبہ کو یکساں تعلیمی مواقع فراہم کیے جاسکیں۔گورنر سندھ نے اس بات پر زور دیا کہ جامعات کو تعلیم کے ساتھ تحقیق، تخلیقی صلاحیتوں اور جدید علوم کے فروغ میں بھی اپنا کردار مزید موثر بنانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اعلی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے اور طلبہ کو جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لیے سرکاری و نجی جامعات کے درمیان تعاون کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اس موقع پر پرنسپل سیکرٹری، گورنر سندھ ڈاکٹر سید سیف الرحمن جبکہ وفد میں چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن سندھ ڈاکٹر ایس ایم طارق رفیع، جامعہ سندھ، جامشورو کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری، مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، جامشورو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طحہ حسین علی، سندھ زرعی یونیورسٹی، ٹنڈو جام کے وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر الطاف علی سیال، شاہ عبداللطیف یونیورسٹی، خیرپور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر یوسف خشک، لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز جامشورو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اکرام الدین اجن، شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی شہید بینظیرآباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مدد علی شاہ، سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف احمد شیخ،
یونیورسٹی آف صوفزم اینڈ ماڈرن سائنسز بھٹ شاہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر امام الدین کھوسو، شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز، سکرنڈ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زاہد اقبال راجپوت، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی حیدرآباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر معظم علی خان، شیخ ایاز یونیورسٹی شکارپور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نوید احمد شیخ، شہید اللہ بخش سومرو یونیورسٹی آف آرٹ ڈیزائن اینڈ ہیریٹیج جامشورو کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عربیلا بھٹو، اروڑ یونیورسٹی آف آرٹ، آرکیٹیکچر، ڈیزائن اینڈ ہیریٹیج سکھر کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زاہد حسین کھنڈ، یونیورسٹی آف میرپورخاص کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد میمن اور بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اینڈ اسکل ڈیولپمنٹ خیرپور میرس کے فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر منٹھار علی کیریو شامل تھے۔
نجی جامعات کی جانب سے حیدرآباد انسٹی ٹیوٹ آف آرٹس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی حیدرآباد کی چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر پروین منشی، اسرا یونیورسٹی حیدرآباد کے وائس چانسلر حمیداللہ قاضی ،اور دی یونیورسٹی آف ماڈرن سائنسز ٹنڈو محمد خان کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر خلیل الرحمن کھومباتی وفد میں شامل تھے۔ اس موقع پر چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن سندھ ڈاکٹر ایس ایم طارق رفیع بھی موجود تھے ۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



