پشاور۔ 02 نومبر (اے پی پی):ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر افتخار خان کی ہدایت پر ریسکیو 1122 پشاور کے اہلکاروں کی آٹھویں بیچ نے میاں نور محمد انچارج ریفریشر ٹریننگ اکیڈمی کی زیرِ نگرانی میں دو ہفتوں پر مشتمل خصوصی تربیت کامیابی سے مکمل کر لی۔
ترجمان ریسکیو1122پشاورکے مطابق ٹریننگ اکیڈمی اور ٹریننگ ونگ میں منعقدہ اس تربیتی پروگرام میں اہلکاروں کو ابتدائی طبی امداد، بنیادی زندگی بچانے کی مہارتیں، ایڈوانس ٹراما لائف سپورٹ، ایڈوانس کارڈیک لائف سپورٹ، آگ بجھانے کی جدید تکنیک، بلند مقامات سے ریسکیو، جسمانی تربیت، عملی مشقوں اور فرضی ہنگامی مشقوں کی تربیت فراہم کی گئی۔
تربیت کے اختتام پر اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے تحریری امتحان بھی لیا گیا۔اس تربیت کا مقصد ریسکیو اہلکاروں کی مہارتوں میں مزید نکھار پیدا کرنا اور انہیں ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے تیار کرنا ہے تاکہ عوام کو بروقت اور معیاری امدادی خدمات فراہم کی جا سکیں۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



