کوئٹہ۔ 05 نومبر (اے پی پی):بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (بی ٹیوٹا)کے منیجنگ ڈائریکٹر عبد الکبیر زرکون نے ریڈیو پاکستان کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اسٹیشن ڈائریکٹر صادقہ خان سے خصوصی ملاقات کی۔ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ریڈیو پاکستان کے وسیع نشریاتی نیٹ ورک اور بی ٹیوٹا کے باہمی تعاون سے صوبے کے نوجوانوں میں فنی و تکنیکی تعلیم کی اہمیت، افادیت اور دستیاب مواقع سے متعلق جامع آگاہی فراہم کی جائے گی تاکہ نوجوانوں کو ہنرمند، خودمختار اور بااختیار بنایا جا سکے۔
اس موقع پر اسٹیشن ڈائریکٹر صادقہ خان نے منیجنگ ڈائریکٹر بی ٹیوٹا کو ریڈیو پاکستان کوئٹہ سے نشر ہونے والے مختلف معلوماتی اور تربیتی پروگراموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔عبدالکبیر زرکون نے عوامی آگاہی اور تعلیمی فروغ کے لیے ریڈیو پاکستان کوئٹہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو فنی تربیت فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ اس مقصد کے حصول میں ذرائع ابلاغ بالخصوص ریڈیو اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
دورے کے اختتام پر اسٹیشن ڈائریکٹر صادقہ خان نے منیجنگ ڈائریکٹر بی ٹیوٹا عبد الکبیر زرکون کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



